ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دہلی-این سی آر میں درجہ حرارت تقریباً 40 ڈگری، صورت حال میں بہتری کا امکان نہیں

دہلی-این سی آر میں درجہ حرارت تقریباً 40 ڈگری، صورت حال میں بہتری کا امکان نہیں

Wed, 30 Mar 2022 20:59:46    S.O. News Service

نئی دہلی،30؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) دارالحکومت دہلی اور قومی راجدھانی خطہ (این سی آر) میں بدھ کے روز شدید گرمی کی لہر درج کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے دن کا درجہ حرارت 40 ڈگری کے قریب رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے آج کے بلیٹن میں بتایا کہ جمعرات کے روز بھی صورتحال میں بہتری کا کوئی امکان نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، دہلی اور ملحقہ علاقوں میں گرمی کی لہر کی وجہ سے درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس یا اس سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ دہلی کے کچھ حصوں میں منگل کے روز بھی شدید گرمی پڑی تھی۔ دہلی کے آٹھ موسمیاتی مراکز میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے زائد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ نریلا، پتم پورہ اور اسپورٹس کمپلیکس اسٹیشنوں پر درجہ حرارت 41 ڈگری سیلسیس کو پار کر گیا۔

آئی ایم ڈی کے حکام نے کہا کہ مسلسل خشک موسم کی وجہ سے شمال مغربی ہندوستان میں شدید گرمی کی لہر پیدا ہو ئی ہے۔ اس سے قبل موجودہ صورتحال کے بارے میں بات کرتے ہوئے آئی ایم ڈی کے ڈائریکٹر جنرل ایم مہاپاترا نے کہا، "کم بارش کی وجہ سے درجہ حرارت بہت زیادہ ہو گیا ہے اور شمالی ہندوستان میں گرم ہوائیں جنوبی پاکستان اور اس سے ملحقہ راجستھان سے آرہی ہیں جو کہ بہت گرم اور خشک علاقہ ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ جب میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے بڑھ جاتا ہے تو یہ خطہ شدید گرمی کی لپیٹ میں آتا ہے جو کہ معمول سے کم از کم 4.5 ڈگری زیادہ ہے۔ گزشتہ چند دنوں سے بہار، جھارکھنڈ، اڈیشہ، گنگا کے میدانی علاقوں، وسطی مدھیہ پردیش، شمالی مہاراشٹر، مراٹھواڑہ، جموں، ہماچل پردیش، مغربی مدھیہ پردیش اور راجستھان میں درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ آئی ایم ڈی نے تازہ ترین 'ہیٹ ویو الرٹ' سے خبردار کیا ہے کہ ان ریاستوں میں جمعہ کے روز تک گرمی سے کوئی راحت ملنے کا امکان نہیں ہے۔


Share: